Live Updates

آج کل کے اداکار سینئرز کو دیکھ کر چڑتے ہیں، پروین اکبر

جمعرات 5 جون 2025 21:33

آج کل کے اداکار سینئرز کو دیکھ کر چڑتے ہیں، پروین اکبر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) سینئر اداکارہ پروین اکبر نے کہا ہے کہ ماضی میں نوجوان اداکار اپنے سینئرز کو دیکھ کر ان کے احترام میں کھڑے ہوجاتے تھے، آج کل کے اداکار بڑوں کو دیکھ کر چڑتے ہیں۔پروین اکبر نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے بچوں کے اسکول پروگرام سے کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت وہ اسکول میں پڑھتی تھیں۔

ان کے مطابق ان کی والدہ بھی ریڈیو پاکستان میں اناونسر تھیں، ان کے انتقال کے بعد انہیں ان کے کام پر رکھا گیا۔ایک سوال کے جواب میں پروین اکبر کا کہنا تھا کہ آج کل کی لڑکیوں کو شادی کا فیصلہ والدین پر چھوڑ دینا چاہیے، والدین اپنے بچوں کے لیے بہتر فیصلہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیکن اگر کسی لڑکی کو کسی سے محبت ہوجاتی ہے تو وہ اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ جس شخص کو وہ پسند کرتی ہیں، وہ ان کی عزت کرتا ہو۔

یک طرفہ محبت کو پروین اکبر نے بے وقوفی قرار دیا اور کہا کہ ایسی محبت کا کوئی فائدہ نہیں۔دوران پروگرام انہوں نے بتایا کہ شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد انہوں نے 18 سال تک شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔ان کے مطابق انہوں نے اولاد کی بہتر پرورش اور مستقبل کے لیے شوبز سے دوری اختیار کی اور انہیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں۔پروین اکبر نے کہا کہ اولاد واحد چیز ہے، جس کے لیے انسان اپنی جان بھی دے سکتا ہے، انہوں نے تو صرف کچھ سالوں تک اداکاری چھوڑی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ 18 سال کے وقفے کے بعد وہ دوبارہ شوبز میں آئیں تو بہت سارے نجی ٹی وی چینلز آ چکے تھے اور لوگوں کے رویے بھی تبدیل ہوچکے تھے۔ان کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی)کے دور میں شوٹنگ کے وقت تین تین کیمرے ہوتے تھے، ہر کردار کے لیے کیمرا ہوتا تھا لیکن نجی چینلز کے بعد ایک ہی کیمرے پر کام ہونے لگا، پہلے ایک کردار کی شوٹنگ ہونے لگی، پھر دوسرے کردار کے مناظر شوٹ کیے جانے لگے۔

اسی بات پر انہوں نے کہا کہ نہ صرف شوٹنگ میں تبدیلی آئی بلکہ اداکاروں اور لوگوں کے رویوں اور مزاج میں بھی تبدیلی آچکی تھی۔پروین اکبر کے مطابق پی ٹی وی کے زمانے میں وہ اپنے سینئرز کے احترام اور ادب کی خاطر کھڑے ہوجایا کرتے تھے لیکن سینئرز کو دیکھ کر برا منایا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آج کل کے اداکار سینئرز کو دیکھ کر چڑتے ہیں، انہیں یہ احساس تک نہیں کہ کل کو وہ بھی سینئرز بنیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے اداکار غلطی سمجھانے پر بھی برا مناتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اب آپ لوگ ہمیں سکھائیں گے اور سمجھائیں گی
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات