ماہرہ خان کی فلم کے لیئے اجتماعی دعا کرنے کی اپیل کی ویڈیووائرل

جمعرات 5 جون 2025 21:33

ماہرہ خان کی فلم کے لیئے اجتماعی دعا کرنے کی اپیل کی ویڈیووائرل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ان دنوں اپنے آنے والی فلم لو گرو کی تشہیر میں مصروف ہیں، ان کی فلم 6 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔لو گرو کے ٹریلر کو گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا،اس کے متعدد گانے بھی ریلیز کیے جا چکے ہیں، جنہیں کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے۔ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے امریکا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)میں بھی فلم کی پروموشن کی تھی جب کہ اس وقت وہ ملک بھر میں فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

حال ہی میں دونوں نے تشہیر کے سلسلے میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ماہرہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے اجتماعی دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔اسی تقریب میں ہمایوں سعید نے فلم کے ہدایت کار ندیم بیگ کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ وہ ملک کے سب سے بہترین ڈائریکٹر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ندیم بیگ ان سے پیسے پورے لیتے ہیں لیکن وہ سب سے بہترین ہدایت کار ہیں۔

تقریب کے دوران ماہرہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعا بھی کی خدا کرے کہ لو گرو 100 کروڑ سے بھی زیادہ کمائی کرے۔انہوں نے بات کرتے ہوئے وہاں موجود سب لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی دعا پر آمین کہیں۔ انہوں نے تقریب میں موجود افراد کو مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ اب ہم فلم کے لیے اجتماعی دعا کریں گے اور سب انشا اللہ کہیں گے۔ماہرہ خان کی جانب سے فلم کی کامیابی اور کمائی کے لیے دعا کرنے اور اجتماعی دعا کی اپیل کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔بعض افراد نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ فلم کی کمائی اور کامیابی کے لیے وہ دعا کروا رہی ہیں۔