چارسدہ، پولیس نے مئی میں منشیات میں ملوث 318، ہوائی فائرنگ کرنیوالے 402 ملزمان گرفتار کرلئے

جمعرات 5 جون 2025 22:28

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)چارسدہ پولیس نے گزشتہ ماہ مئی میں منشیات میں ملوث 318ملزمان گرفتار، 1لاکھ 35ہزار گرام سے زائد آئس، 61ہزار گرام سے زائد چرس اور 580اسلحہ برآمدکئے جبکہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب 402 ملزمان گرفتار کیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر کی قیادت میں چارسدہ پولیس نے ماہِ مئی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے بھرپور کامیابیاں حاصل کیں۔

کارروائیوں کے دوران مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب 150 خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران 318 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 61.230 کلوگرام چرس اور 135.325کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ ہوائی فائرنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے گئے، جس کے تحت 77 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد 16 عدد رائفل،21 عدد شارٹ گن، 523 عدد پستول، 25 عدد ایس ایم جی، 17 عدد ہینڈ گرنیڈ، 430 گز پرائما کارڈ، 1 عدد ایل ایم جی، 4 عدد راکٹ گولے، 5 عدد آر پی جی گولے، 1 عدد آرٹلری شیل، 1 عدد آر آر 75 اسٹینڈ برآمد کیا گیا۔

ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے اس موقع پر کہا کہ چارسدہ پولیس جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔