ڈیرہ غازی خان میں اونٹ پر کلہاڑی کے وار کرنے والا ملزم گرفتار

جمعرات 5 جون 2025 20:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ڈیرہ غازی خان میں تھانہ گدائی کی حدود میں جانور پر ظلم کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے اونٹ پر کلہاڑیوں کے وار کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق موضع دلانہ کی بستی بھوچری میں ایک شخص نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر ایک بے زبان اونٹ کو کلہاڑیوں کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔

واقعہ کی اطلاع پر تھانہ گدائی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔زخمی اونٹ کو فوری طور پر ویٹرنری ہسپتال منتقل کر کے اسکا علاج معالجہ کروایا گیا۔ مقامی افراد کی جانب سے اس بہیمانہ اقدام پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا کہ جانوروں پر ظلم ایک سنگین اور انسانیت سوز جرم ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت جاری کی کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس قسم کے غیر انسانی اقدام کی جرأت نہ کر سکے۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے گا اور مقدمہ کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔