وزیراعلی پنجاب سمر گیمز، انٹر ڈسٹرکٹ گرلز ہاکی مقابلہ اٹک کی ٹیم نے جیت لیا

جمعرات 5 جون 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) راولپنڈی کے شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم میں وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے سلسلے میں کھیلے جانے والے انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ میں گرلز ہاکی کے فائنل میں اٹک کی ٹیم نے راولپنڈی کی ٹیم کو پلنٹی سٹروکس پر چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر انٹر ڈویژن پنجاب کے لیے کوالیفائی کر لیا۔مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب رفعت عباسی نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز پنجاب کی خواتین خاص طور پر کالج اور یونیورسٹی کی سٹوڈنٹس کو ہر میدان میں کامیاب دیکھنا چاہتی ہیں وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کی خواتین ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کریں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کھیل کے میدان میں بھی پنجاب کے لڑکیوں کے لیے پنک گیم کا انعقاد کیا یہ کامیاب ترین گیمز کالج یونیورسٹی کی لڑکیوں کو کھیل کے میدان میں لانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوئیں آج یہی وجہ ہے کہ ہر گیم میں لڑکیاں لڑکوں سے زیادہ بہتر پرفارمنس دے رہی ہیں وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق آج کھیل کے میدان میں لڑکیوں نے اپنا نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور ان کے ان اقدامات کی وجہ سے ہی آج شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم میں ہماری لڑکیوں کے درمیان ہاکی کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری وحید احمد کی زیر نگرانی ہاکی میچز کے انتظامات کو سراہا۔مہمان خصوصی ایم پی اے رفعت عباسی نے انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی مقابلہ جیتنے والی اٹک کی ٹیم کو ونر ٹرافی اور راولپنڈی کی ٹیم کو رنر اپ ٹرافی دی۔