مسجدالحرام میں مطاف اور مسعیٰ میں بھیڑ کی صورتحال بتانے والی ڈیجیٹل سروس شروع

جمعہ 6 جون 2025 11:57

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام کے زائرین کو مطاف اور مسعیٰ کے علاقوں میں بھیڑ کی موجودہ صورتحال جاننے کے لئے ویب سائٹ پر ڈیجیٹل سروس کا آغاز کر دیا ہے ۔العربیہ اردو کے مطابق اس سروس کا مقصد زائرین کے تجربے کو بہتر بنانا اور مسجدالحرام کے اندر ان کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے تاکہ وہ بھیڑ کی موجودہ صورتحال کی بنیاد پر طواف اور سعیٰ کے مقامات پر جانے کے مناسب وقت کا فیصلہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

یہ معلومات ایک براہ راست اور استعمال میں آسان بصری انٹرفیس کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں۔ اس سروس سے مسجد الحرام کے زائرین کو طواف کی جگہ (مطاف) اور سعودی کی جگہ (مسعیٰ ) دونوں میں عمومی صورتحال کا پتہ چل جاتا ہے اور اس سے نقل و حرکت کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے۔یہ اقدام اتھارٹی کی ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دینے اور حرمین شریفین میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام کے تمام زائرین سے اس سروس سے فائدہ اٹھانے اور مناسک ادا کرنے کے دوران زیادہ سے زیادہ نظم و ضبط حاصل کرنے کے لیے اس کے ساتھ تعامل کرنے کی دعوت دی ہے۔