کراچی میںجمعہ کو بھی زلزلے کے 2 جھٹکے، مجموعی تعداد 32 ہوگئی

زلزلے کی کم سے کم شدت 1.5 اور زیادہ شدت 3.6 ریکارڈ ہوئی،چیف میٹرولوجسٹ

جمعہ 6 جون 2025 17:46

کراچی میںجمعہ کو بھی زلزلے کے 2 جھٹکے، مجموعی تعداد 32 ہوگئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری نے کہا ہے کہ کراچی میں یکم جون سے اب تک زلزلے کے 32 جھٹکے رپورٹ ہوئے ہیں، زلزلے کے یہ تمام جھٹکے معمولی شدت کے تھے، زلزلے کی کم سے کم شدت 1.5 اور زیادہ شدت 3.6 ریکارڈ ہوئی۔امیر حیدر لغاری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ زلزلے کا آخری جھٹکا صبح 8 بج کر 32 منٹ پر 1.5شدت کا ریکارڈ کیا گیا، زلزلوں کے جھٹکوں کی گہرائی 2 کلو میٹر سے 188 کلو میٹر تک تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ زلزلے کے جھٹکے قائدآباد، گڈاپ، ملیر، ڈی ایچ اے اور کورنگی سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا پہلا جھٹکا 4 بج کر 46 منٹ پر ریکارڈ ہوا جبکہ زلزلے کی شدت 2.7 اور گہرائی 2 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز ڈیفنس کے جنوب میں 20 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا دوسرا جھٹکا 7 بج کر 58 منٹ پر ریکارڈ ہوا، زلزلے کی شدت 1.8 اور گہرائی 8 کلو میٹر رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلو میٹر کے قریب تھا۔

متعلقہ عنوان :