Live Updates

چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو سنجیدہ مذاکرات کرنا ہوں گے

الیکشن کمیشن پر عوام کے اعتماد کی بحالی سے جمہوریت کی مضبوطی ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف کے مایوسی پر مبنی بیانات، لب ولہجہ خود حکومت کیلئے بڑی سُبکی کا باعث ہے، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 جون 2025 20:29

چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو سنجیدہ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 جون 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے حج 2025ء کے دوران عظیم الشان، پُرشکوہ، بہترین انتظامات اور پُرامن ماحول کی کامیابی پر سعودی حکومت اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد دی اور کہا کہ حج جیسا اھم رُکنِ اسلام دراصل دُنیا بھر کے حجاجِ کرام کا ایک ایسا عظیم الشان اجتماع ہے جو اُمتِ مسلمہ کے فقیدالمثال اتحاد کا مظہر ہے. مناسکِ حج کی ادائیگی اور پھر عیدِ قرباں دراصل ایثار، وفا، عظیم قربانی کی سنتِ ابراہیمی کی یاد ہے. حج کا موقع دراصل پوری اُمت کے اجتماعی، دِلوں کے جُڑنے کے ماحول کو مِلتِ اسلامیہ کے عروج کے لیے عالمِ اسلام کی قیادت زینہ بنالے تو پوری اُمت کے دُکھ درد، ذلت و رُسوائیاں ختم ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے لاہور میں اجتماعی قربانی کے مراکز کا دورہ کیا. ماڈل ٹاؤن میں اشتیاق بخشی نے مرکز کی تفصیلات کی بریفنگ دی اور معروف دینی، سماجی، تجارتی شخصیت چوہدری واجد علی اور اُن کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت، دُعائے مغفرت کی. لیاقت بلوچ نے میڈیا نمائندگان اور یوٹیوب چینل کے نمائندہ کے سوالات کے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن میں دو ممبرز اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات کریں اور پوری قوم کے لیے بااعتماد تقرریاں عمل میں لائیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان پر عوام کے اعتماد کی بحالی جمہوریت کی مضبوطی ہوگی، وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیانات، لب و لہجہ خود حکومت کے لیے بڑی سُبکی کا باعث بنتا ہے۔ وزیرِ دفاع کے بیانات دراصل وزارتِ دفاع کے غیرمؤثر ہونے کی وجہ سے مایوسی پر مبنی ردعمل کی عکاسی کرتے ہیں لیکن اس سے خطرناک حالات میں پاکستان کا دفاع سوالات کی زد میں آتا ہے. پاکستان کے عوام بھارتی مکاری کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار بن رہے ہیں، انشائاللہ دشمن ناکام ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے سوال کے جواب میں کہا کہ چینی صدر شی جَن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن میں ٹیلیفونک رابطہ اچھی پیشرفت ہے لیکن اب یہ امر بالکل عیاں ہے کہ دُنیا بھر کے عوام امن چاہتے ہیں. غزہ میں امن اور مستقل جنگ بندی کیلیے سکیورٹی کونسل کی قرارداد پر امریکی ویٹو نے اقوامِ عالم کی امن کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔ غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم، قتلِ عام، بستیوں کو تاراج کرنے کے وحشیانہ جنگی جرائم کا سلسلہ جاری ہے اور پوری دُنیا بیبسی کی تصویر بنی ہوئی ہے. فلسطین اور کشمیر کے مسائل حل کرنا عالمی برادری کی اہم ترین ذمہ داری ہے. ناانصافی اور ظلم پر خاموشی بیگناہ انسانوں کو وحشت اور نسل کُشی کا نشانہ بنارہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات