Live Updates

سعودی ولی عہد کا وزیراعظم پاکستان کا خصوصی استقبال،خود گاڑی چلا کر ظہرانے میں لے کر گئے

شہبازشریف اورشہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر غیررسمی گفتگو، وزیراعظم شہبازشریف نے شاندار استقبال اور ظہرانہ دینے پر شکریہ ادا کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 جون 2025 21:02

سعودی ولی عہد کا وزیراعظم پاکستان کا خصوصی استقبال،خود گاڑی چلا کر ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 جون 2025ء ) وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کا سعودی عرب میں سعودی ولی عہد کی جانب سے خصوصی استقبال کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے شاہی دیوان میں سعودی ولی عہد کے خصوصی ظہرانے میں شرکت کی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کا خصوصی استقبال کیااورخود گاڑی چلا کر وزیراعظم شہبازشریف کو ظہرانے میں شرکت کیلئے لے کر گئے، وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر غیررسمی گفتگو بھی ہوئی۔ ظہرانے میں پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا ، ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال اور ظہرانہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیرِاعظم کا سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال اور ظہرانے میں بطور مہمان خاص شرکت، پاکستان و سعودی عرب کے دیرنہ برادرانہ تعلقات اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا مظہر ہے۔ مزید برآں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ ولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر دورہء سعودی عرب کیا۔

گذشتہ شب عمرہ  کی سعادت، پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکرانہ ادا کیا۔ پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔ اس سے قبل وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، سٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود عازمین کے لیے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔

انہوں نے حرمین شریفین کے متولی اور ولی عہد کی محفوظ اور روحانی طور پر تکمیل حج کے تجربے کو یقینی بنانے کی قابل ذکر کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے فعال کردار اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے اس کے ثابت قدم عزم کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی ذمہ دارانہ تحمل کی پالیسی کواجاگرکرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیا اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جو عرب امن اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مبنی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے قیادت کے مشترکہ وژن اور دونوں ممالک کے برادر عوام کی امنگوں کے مطابق اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیر جہتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت دی جسے ولی عہد نے بخوشی قبول کر لیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات