Live Updates

اپنی خواہشات ، مفادات کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہی قربان کردینے میں حقیقی کامیابی ہے ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا عید الاضحی پر پیغام

جمعہ 6 جون 2025 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالاضحی ٰکے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پوری مسلم اُمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔

قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ٰہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اپنی خواہشات ، مفادات کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہی قربان کردینا حقیقی کامیابی ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں ۔یہ ملک لازوال قربانیوں اور بے پناہ صبر و تحمل و استحکام کے نتیجے میں وجود میں آیا ۔ ہم سب کو مل کر اس کی ترقی وخوشحالی کےلئے یک جان ہونا چاہیے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں۔

عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں ،شہدا اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں تک قربان کر دیں۔عید کے دن تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں کےلئے خصوصی دعائیں کریں ۔

اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے ان کے لئے آسانیاں پیدا فرمائیں ۔ میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات