عبد العلیم خان کا استحکام پاکستان پارٹی کا یوم استحصال کشمیرکے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

کشمیریوں کو بنیادی حقوق دیئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، وفاقی وزیر کا پانچ اگست کے حوالے سے بیان

منگل 5 اگست 2025 21:26

عبد العلیم خان کا استحکام پاکستان پارٹی کا یوم استحصال کشمیرکے موقع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دیئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری اور فلسطینی عوام صرف دکھ، غم اور قربانی کی علامت بن چکے ہیں جو ظلم کے خلاف استقامت اور شجاعت کی عملی تصویر ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یوم استحصال کشمیر کو بھارتی مظالم کے باعث ’’یوم سیاہ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی آزادی کشمیر کے اصولی موقف پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنا ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب جنت نظیر وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کشمیری شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں نے بھی اپنے پیغامات میں مظلوم کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق آزادی کو تسلیم کیے بغیر امن کی کوئی بھی کوشش بے سود ہے اور انشائ اللہ ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر آئی پی پی کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ مستحکم اور پرامن پاکستان کا تصور وادی کشمیر میں امن و انصاف کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ صدر پنجاب آئی پی پی رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ بھارتی مظالم کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے اور آج ہم اس بربریت کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔آئی پی پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ آئی پی پی شاہراہوں اور ایوانوں میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

لاہور کے صدر ملک زمان نصیب اور صوبائی نائب صدر میاں جنید ذوالفقار نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے سکے کا ایک رخ پاکستان اور دوسرا رخ کشمیر ہے، جنہیں جدا نہیں کیا جا سکتا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کے حق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔