Live Updates

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاعیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد

عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے،علی آمین

جمعہ 6 جون 2025 22:08

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاعیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم خصوصا ًخیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔

اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالی کی رضاجوئی کے ساتھ ساتھ دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنے کے لئے ایثار و قربانی کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام خصوصا ًمعاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس بھی دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلی نے اس موقع پر عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور اس سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ اپنے ارد گرد ماحول کون صاف ستھرا رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور اہم مذہبی فریضہ ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :