Live Updates

عید الاضحیٰ ہمیں ایثار، اخوت، تقویٰ اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

جمعہ 6 جون 2025 22:01

عید الاضحیٰ ہمیں ایثار، اخوت، تقویٰ اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر صوبے کے عوام اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے، جس کا مقصد صرف اور صرف اللہ کی رضا اور فرمانبرداری کا اظہار تھا ۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں ایثار، اخوت، تقویٰ اور باہمی ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ یہ موقع ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنی ذاتی خوشیوں کو دوسروں کی بھلائی اور ضرورت مندوں کی مدد کے ساتھ جوڑیں تاکہ معاشرے میں عدل، محبت اور بھائی چارے کو فروغ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ صبر، قربانی اور یکجہتی کی مثالیں قائم کی ہیں اور آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ ہم ایک پُرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر کے لیے متحد رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے دوران مذہبی جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے غرباء، یتیموں، مساکین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں ،قربانی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ صحت عامہ متاثر نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے ایام میں عوامی سہولیات، صفائی، سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پورے عزم اور اخلاص سے انجام دیتی رہے گی۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات