Live Updates

عیدالاضحی ایثار، قربانی، خلوص اور انسانیت کے جذبے کی تجدید کا دن ہے،فیصل کنڈی

عیدالاضحی 1446 ھجری کے موقع پر گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پیغام

جمعہ 6 جون 2025 22:08

عیدالاضحی ایثار، قربانی، خلوص اور انسانیت کے جذبے کی تجدید کا دن ہے،فیصل ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی نے عیدالاضحی 1446 ھجری کے مبارک موقع پر امتِ مسلمہ بالخصوص خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس دن کی روحانی، سماجی اور اخلاقی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ایثار، قربانی، خلوص اور انسانیت کے جذبے کی تجدید کا دن ہے، جو ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و قربانی کی یاد دلاتا ہے۔

گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریب، نادار اور مستحق افراد کو بھی شریک کریں، تاکہ یہ خوشی سب کے لیے یکساں ہو۔ عید کے ایام ہمیں باہمی اخوت، ہمدردی اور اتحاد و یگانگت کا پیغام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے مزید کہا کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے۔ ہمیں بحیثیت مسلمان اس بابرکت موقع پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نہ صرف اپنی ذات، بلکہ پوری انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں گے۔

یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک و ملت کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں اور ہر چیلنج کا سامنا یکجہتی سے کریں۔ گورنرنے کہا کہ ہمیں اس عظیم دن کی برکت سے یہ سبق لینا چاہیے کہ ہم اپنے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے ہر سطح پر اتحاد و اتفاق قائم رکھیں، اور یہ عہد کریں کہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔گورنر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ملک و ملت کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اپنی تعلیمات پر خلوص دل سے عمل کرنے کی توفیق دے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات