Live Updates

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کچھی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 6 جون 2025 22:13

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کچھی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کولپور ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس کارروائی میں بھارتی ایما پر سرگرم دہشت گردوں کا واصلِ جہنم ہونا ریاست پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کی کامیابی کا مظہر ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کی۔انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کا امن خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے اور قوم اس حوالے سے متحد اور یکجا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل کاوشیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زور دیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ریاستی ادارے مکمل طور پر فعال ہیں اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور بیرونی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات