قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی پوری امت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد

ہفتہ 7 جون 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدِ سعید ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔عمر ایوب خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے، عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے،آج کے دن ان عظیم شخصیات نے اطاعت و قربانی کی لازوال داستان رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اللہ پرپختہ ایمان اورقربانی کی عملی مثال ہے۔قائد حزب اختلاف نے پاکستان کی سلامتی،ترقی کےلیے دعا بھی کی۔