سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب کا دامن کوہ اور لیک ویو پارک میں سکیورٹی کے جائزہ کیلئے دورہ

اتوار 8 جون 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب نے شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے حفاظتی انتظامات کے جائزہ کیلئے دامن کوہ اور لیک ویو پارک کا دورہ کیا ۔اسلام آباد پولیس حکام نے کہا ہے کہ اپنے دورہ کے موقع پر ایس ایس پی نے ڈیوٹی پر موجود افسران سے ملاقات کی اور تفریحی مقامات پر آنے والے خاندانوں کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے تعینات افسران کو اہل خانہ کے ساتھ احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی محمد شعیب نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے تفریحی مقامات پر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بشمول ون وہیلر اور بدتمیزی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی غیر قانونی شخص کو پارکوں میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایس ایس پی محمد شعیب نے کہا کہ امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی فرد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے عزم کا اعادہ کیا۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ گاڑیوں کے خراب ہونے کی صورت میں شہریوں کی مدد کے لیے اسلام آباد کی اہم سڑکوں پر "میکینک آن وہیلز" سروس بھی دستیاب ہے جو سب کے لیے بہتر سفر کو یقینی بناتی ہے۔