Live Updates

پنجاب اور سندھ کا بجٹ 13جون کو پیش کرنے کا اعلان

پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کاامکان، مراد علی شاہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی خوشخبری سنا دی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 9 جون 2025 11:50

پنجاب اور سندھ کا بجٹ 13جون کو پیش کرنے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 جون 2025)پنجاب کا صوبائی بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائیگا،بجٹ میں کوئی نیاٹیکس نہ لگانے کاامکان، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 110 ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے اور صحت کے بجٹ میں 90 ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے،لاہور میں نواز شریف میڈیکل سٹی میں 14 ہسپتال بنائے جائیں گے۔

نواز شریف میڈیکل سٹی میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت کام ہوگا۔ پنجاب بھر میں صاف پانی کی سکیم لائی جا رہی ہیں۔ بجٹ میں تعلیم، صحت اور ٹورازم پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ٹوررازم کے بجٹ میں 6 سو فیصد سے زائد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ٹورازم کے بجٹ میں 35 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تعلیم کیلئے 110 ارب روپے رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا، بجٹ میں تعلیم کیلئے 110 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ یہ پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے جو تعلیم کے شعبے کیلئے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دیگر صوبوں کے 5 ہزار طلبہ کیلئے سکالر شپ کا اعلان کریں گی۔ گزشتہ سال 11 لاکھ طلبہ سرکاری سکولوں میں انرولڈ ہوئے اس سال 25 لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں انرولڈ ہوئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی خوشخبری بھی دیدی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافے کی تفصیلات وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد حتمی کی جائیں گی۔ انہوں نے وفاق سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبود بہتر ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے گی اور اس حوالے سے جلد پیش رفت ہوگی۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات