چیئرمین فراز حسیب کا عیدالاضحی کے موقع پر لیاقت آباد کے مختلف علاقوں کادورہ اور صفائی و ستھرائی کے کام کا معائنہ

پیر 9 جون 2025 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے قائم کردہ کلیکشن پوائنٹس پرموجود رہے۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی لیاقت آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشوں اور دیگر گندگی کے فوری اور مثر انداز میں اٹھانے کی ہدایت جاری کی، تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔چیئرمین فراز حسیب نے دورے کے دوران لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام کا معائنہ کیا، اور موقع پر موجود عملے کو چونا چھڑکنے اور جراثیم کش اسپرے کرنے کی واضح ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی جیسے مذہبی تہوار پر صفائی کا خاص خیال رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور بلدیاتی ادارے اس حوالے سے اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔اس کے بعد چیئرمین فراز حسیب شکایتی مراکز اور آلائشیں جمع کرنے کے لیے قائم کردہ کلیکشن پوائنٹس پر پہنچے، جہاں انہوں نے عوام کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کو بغور سنا اور متعلقہ محکموں کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر محکمہ سینی ٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دیگر افسران و عملہ بھی موجود تھا، جو بلا تعطل اپنی خدمات سرانجام دے رہا تھا۔چیئرمین فراز حسیب نے صفائی کے عملے کی انتھک محنت اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ اس کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عید کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :