حج سیزن کے دوران 4.5 کروڑ مکعب میٹر پانی تقسیم کیا گیا، نیشنل واٹر کمپنی

منگل 10 جون 2025 10:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) رواں سال حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں اللہ کے مہمانان کو 4.5 کروڑ مکعب میٹر سے زائد پانی فراہم کیا گیا ۔ العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے کہا ہے کہ یکم ذو القعدہ سے شروع ہونے والے حج سیزن میں حرم مکی اور مشاعر مقدسہ میں پانی کی ترسیل کا دورانیہ روزانہ 24 گھنٹے رہا، اور اس دوران 3.34 کروڑ مکعب میٹر سے زائد پانی کی صفائی بھی کی گئی، جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ تجربہ گاہی معائنے بھی انجام دیے گئے۔

(جاری ہے)

کمپنی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں اپنی خدمات کی انجام دہی کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی اور مطلوبہ مقدار میں پانی عوامی نیٹ ورک، وضو خانوں، منیٰ کے خیموں کے لیے مخصوص ایئرکنڈیشننگ نیٹ ورک اور فائر فائٹنگ کے لیے سول ڈیفنس کے استعمال کے خاص ٹینکوں اور نیٹ ورکس تک پہنچایا گیا۔کمپنی نے یہ بھی تصدیق کی کہ وہ آئندہ حج سیزن کے لیے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کر چکی ہے تاکہ اللہ کے مہمانان کو بہترین آرام دہ خدمات فراہم کی جا سکیں اور وہ سکون و اطمینان کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔