Live Updates

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق 4 تجاویز زیر غور

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ آج وفاقی کابینہ کرے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 11:08

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق 4 تجاویز زیر غور
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق 4 تجاویز پر غور شروع کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اس وقت 4 مختلف تجاویز زیر غور ہیں لیکن ابھی تک کسی بھی تجویز کو حتمی شکل نہیں دی گئی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ آج وفاقی کابینہ کرے گی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک تجویز کے تحت گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دینے کی تجویز ہے، دوسری تجویز میں مہنگائی کے تناسب سے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سفارش شامل ہے، تیسری تجویز کے تحت گزشتہ دو ایڈہاک ریلیف الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی سفارش ہے جب کہ چوتھی تجویز میں گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ان تجاویز پر مشاورت کے بعد ورکنگ پیپر تیار کیا گیا ہے جو آج کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے خواہاں ہیں، اسی طرح حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی ملازمین کو رعایت دینے کے لیے مثبت مشورے سامنے آئے ہیں جب کہ آرمڈ فورسز کے لیے متعارف کروائی جانے والی کنٹری بیوٹری پنشن سکیم پر عملدرآمد مؤخر ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے نافذ کی جانی والی اس سکیم کا سٹرکچر تاحال مکمل طور پر تیار نہیں ہو سکا جس کے باعث آرمڈ فورسز کو اس سکیم سے استثنیٰ دیئے جانے کا امکان ہے، وفاقی کابینہ آج اپنے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے، ایڈہاک ضم کرنے اور پنشن سکیم جیسے اہم معاملات پر حتمی فیصلہ کرے گی جس کے بعد حکومت بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات