غزہ کا الامل ہسپتال عملاً بیکارہو چکا ہے،عالمی ادارہ صحت

منگل 10 جون 2025 13:50

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ازانوم گیبریئسس نے کہا کہ غزہ میں بدستور کام کرنے والے چند ہسپتالوں میں سے ایک الامل ہسپتال اب شدید اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے عملاً بیکارہو گیا ہے۔العربیہ کے مطابق ٹیڈروس ازانوم گیبریئسس نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ہسپتال تک رسائی مسدود ہے جو نئے مریضوں کے یہاں تک پہنچنے میں حائل ہے اور مزید قابلِ گریز اموات کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو ہنگامی طبی ٹیمیں ایک مقامی اور دوسری بین الاقوامی محدود طبی سامان کے ساتھ باقی مریضوں کی خدمت کے لیےکوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ الامل کی بندش کے بعد اب خان یونس میں انتہائی نگہداشت یونٹ کے ساتھ واحد باقی ماندہ ہسپتال الناصر میڈیکل کمپلیکس ہے۔ڈبلیو ایچ او نے پانچ جون کو کہا تھاکہ دو ماہ کی مکمل ناکہ بندی کے بعد ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کے باعث الناصر اور الامل ہسپتال زخمیوں کا مکمل علاج کرنے سے قاصر ہیں جن کی آمد مسلسل جاری ہے۔اسرائیلی حکام نے حال ہی میں انسانی امداد کی ترسیل کی کسی حد تک اجازت دی ہے لیکن یہ ضرورت سے بہت کم ہے۔

متعلقہ عنوان :