Live Updates

ممبئی جانیوالے کارگو جہاز میں دھماکے، آگ بھڑک اٹھی، 40کنٹینرز سمندر برد

عملے کے کئی ارکان کواپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگانی پڑی

منگل 10 جون 2025 13:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)بھارت کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی جانے والے کارگو جہاز پر کئی دھماکے ہوئے جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اوراس کے نتیجے میں 40کنٹینرز سمندر برد ہوگئے اور عملے کے کئی ارکان کواپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگانی پڑی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک غیر ملکی خبررساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے سیکریٹری شیکھر کوریاکوز نے بتایا کہ سنگاپور کے جھنڈے والے WAN HAI 503 نامی جہاز کو کیرالہ کے ساحل سے تقریبا 144 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز پر 22ارکان موجود تھے، 18سمندر میں کود گئے اور اب ریسکیو کشتیوں میں موجود ہیں، ان کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں، فی الحال جہاز ڈوب نہیں رہا۔

(جاری ہے)

بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز سے گہرے سیاہ دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیںاور کچھ کنٹینرز کھلے ہوئے اور بکھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

بھارتی وزارتِ دفاع کے پبلک ریلیشنز افسر نے ایکس پر بتایا کہ فی الحال جہاز میں آگ لگی ہوئی ہے اور یہ سمندر میں تیر رہا ہے، حکام نے کنٹینرز میں موجود سامان کی نوعیت یا دھماکوں کی وجہ نہیں بتائی۔گزشتہ ماہ کیرالہ کے ساحل کے قریب ایک اور حادثے میں ایک کنٹینر جہاز ڈوب گیا تھا، جس کے نتیجے میں 100کارگو کنٹینرز بحیرہ عرب میں جا گرے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات