Live Updates

عمران خان نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا

پراسکیوشن کی درخواست کا مطلب ضمانت کی درخواستوں میں تاخیرکرنا ہے‘وکیل پی ٹی آئی

منگل 10 جون 2025 18:54

عمران خان نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ اورفوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے سے انکارکردیا، پولیس نے رپورٹ لاہورکی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت میں 9مئی جلائو گھیرائو کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک اورفوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے سے متعلق پولیس کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

لاہورپولیس نے اپنی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹیسٹ کرانے سے دوبارہ انکار کردیا ہے۔ لہٰذا عدالت درخواست پرمناسب حکم جاری کرے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل رانا مدثرنے دلائل میں کہا کہ دوسال بعد پراسکیوشن کو پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کروانا یاد آیا ہے۔

پراسکیوشن کی درخواست کا مطلب ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواستوں میں تاخیرکرنا ہے۔ عدالت نے پراسکیوشن کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔واضح رہے کہ پراسیکیوشن نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات میں پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے کے لیے عدالت سے اجازت طلب کی تھی، جس پر عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات