پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں

سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، پاکستان پہنچنے کے بعد ایرانی صدر کی گفتگو

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 اگست 2025 19:47

پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2025ء)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے لیے دورہ کر رہے ہیں۔ دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ سرحدی سلامتی، علاقائی امن کے امور زیرِ بحث آئیں گے، سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں جس سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے، پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزشکیاں کا بطور ایرانی صدر یہ پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے، اسرائیلی جارحیت کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، اس سے قبل شہباز شریف نے رواں برس 26 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا، یہ دورہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔