ڈی جی سپورٹس خضرافضال چودھری کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن مقابلوں کے حوالے سے اہم اجلاس

منگل 10 جون 2025 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن مقابلوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹرسپورٹس رانا ندیم انجم ،ڈپٹی ڈائریکٹرطارق خانزادہ، یاسمین اختر ،چاند پروین ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ،محمد حفیظ بھٹی اور تمام انچارج اور ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی ، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب انٹرڈویژن سمرگیمز کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی سپورٹس خضرافضال چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈویژن مقابلوں میں تما م ڈویژن کے 700سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے،سمر گیمز میں کھلاڑیوں کو گرم موسم کو مدنظر رکھ کر بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی،گیمز کے بہترین انتظامات کیلئے افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں،پنجاب کے تمام ڈویژن سے آنے والے کھلاڑیوں کیلئے رہائش کے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن مقابلے 12جون کو لاہور میں شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے تمام وینیوز کے انچارج اور ایڈمنسٹریٹرز اپنی ذمہ داریاں منظم طریقے سے سرانجام دیں اور ان سپورٹس سہولیات سے کھلاڑیوں اور جن افراد نے ممبرشپ کی ہوئی ہے وہ استفادہ کر سکتے ہیں۔ڈی جی سپورٹس پنجاب کی افسران کو انٹر ڈویژن مقابلوں کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب انٹرڈویژن سمر گیمز میں کبڈی، والی بال، ہاکی اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوں گے ،اجلاس میں انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں کے مانٹرننگ افسران نے اپنی رپورٹس پیش کیں ،ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے 24جون سے شروع ہونیوالے سمر کیمپس کی بھی بھرپور رجسٹریشن کی ہدایت کی ۔