چھٹیاں ختم، مسافروں کی واپسی کا آغاز، پنجاب فوڈاتھارٹی کا عید سپیشل آپریشن مسلسل جاری

منگل 10 جون 2025 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء) چھٹیاں ختم ہوتے ہی مسافروں کی واپسی کا آغاز ہوگیا اور پنجاب فوڈاتھارٹی کا عید سپیشل آپریشن بھی مسلسل جاری ہے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر موٹروے سروس ایریاز،لاری اڈے بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنز پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ جاری ہے، 790 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 66 کو 9لاکھ 56 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، تفصیلات کے مطابق چیکنگ کے دوران مزید بہتری کے لیے 611 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 130 لٹر سے زائد ناقص آئل، کولڈ ڈرنکس،سنیکس اور دیگر اشیاء تلف کی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا لاہور میں 31،فیصل آباد 89، ساہیوال 46، راولپنڈی میں 58، گوجرانوالہ میں 42، سرگودھا میں 56، ڈیرہ غازی خان میں 15، ملتان میں 89، بہاولپور میں 64 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی گئی علاوہ ازیں سکھیکی سروس ایریا میں 33، سیال موڑ 31، بھیرہ 58، برہان میں 16، کلرکہار میں 18، چکری میں 22 پوائنٹس چیک کیے گئے مزید برآں جہلم میں 5، ننکانہ صاحب میں 12، شور کوٹ 5، گوجرہ 32، خانیوال 6، ملتان 16، اوچ شریف 8، رحیم یار خان میں 17 پوائنٹس چیک ہوئے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا سابقہ دی گئی ہدایات اور ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر بھاری جرمانے کیے گئے، ایکسپائر اشیاء اور ناقص آئل برآمد کر کے تلف کیا گیا۔

(جاری ہے)

معروف ریسٹورنٹس میں ناقص آئل سے فرائنگ کی جارہی تھی، موٹر وے جی ٹی روڈ پر موجود پوائنٹس کی شیڈول چیکنگ کے ساتھ سرپرائز چیکنگ کی جاتی ہے، صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے،موٹر ویز پر غیر منظور شدہ اشیاء کی فروخت پر سخت پابندی عائد ہی؛ برآمدگی پر ایکشن لیا جائے گا،دوران سفرخوراک سے متعلق شکایات کی صورت میں1223پر اطلاع دیں۔