Live Updates

موجودہ حالات میں بہترین بجٹ ہے، سرکاری ملازمین اور دفاعی بجٹ میں اضافہ کا خیرمقدم کرتے ہیں، ممبر کینٹ بورڈ نبیل اشرف

منگل 10 جون 2025 20:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ممبر کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 10 ایبٹ آباد نبیل اشرف تنولی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بہترین بجٹ ہے، سرکاری ملازمین اور دفاعی بجٹ میں اضافہ کا خیرمقدم کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک بحرانوں کی زد میں تھا، کم آمدنی والے طبقہ پر بوجھ نہ ڈالنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے، ملک میں معاشی اصلاحات کی بدولت استحکام آئے گا، ملک میں ریکارڈ ترسیلات زر 37 سے 38 ارب ڈالر رہیں، افراط زر میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔

وہ منگل کو یہاں وفاقی بجٹ 2025-26ء پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم سے کم پڑے، سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہماری معیشت بہت خراب ہو چکی تھی تاہم موجودہ حکومت معاشی بحران سے نکل کر اب ترقی کے راستہ پر گامزن ہو چکی ہے، بند صنعتوں کی بحالی سے معیشت کا پہیہ ایک بار پھر گھومنا شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

نبیل اشرف تنولی نے کہا کہ سابق حکومت کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں کو ہماری حکومت صاف کر چکی ہے، موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک ایک بار پھر ترقی کے راستہ پر چل نکلا ہے۔ موجودہ صورتحال میں اس سے بہتر بجٹ پیش کرنا ناممکن ہے، تمام تر صورتحال کو دیکھ کر بجٹ تیار کیا گیا ہے جس کے جلد مثبت نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات