فیصل آباد ضلعی انتظامیہ نے بسوں کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے پر پابندی عائد ہونے کے بعد عملدر آمد یقینی بنانے کا حکم دیدیا

منگل 10 جون 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) حکومت پنجاب کی طرف سے پبلک ٹرانسپورٹ میں عوام کا سفر محفوظ بنانے کیلئے بسوں کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے پر پابندی عائد ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نئے حکمنامہ پر عملدرآمد بارے سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی اور ٹریفک پولیس افسران سے میٹنگ کی۔

ڈپٹی کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورلوڈنگ اور سواریوں کو چھتوں پر بٹھانا حادثات میں اضافے کا بڑا سبب ہے، مشترکہ سکواڈ تشکیل دے کر احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی اوور چارجنگ بھی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، بس ویگن اڈوں پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔