دھی رانی پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ، اجتماعی شادیوں کی تعداد 5000 کرنے کی منظوری

جمعرات 12 جون 2025 21:51

دھی رانی پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس ، اجتماعی شادیوں کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر دھی رانی پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اجتماعی شادیوں کی سالانہ تعداد کو 3000 سے بڑھا کر 5000 کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزید برآں، روایتی شادی کے تحائف کے بجائے ہر جوڑے کو دھی رانی کارڈ کے ذریعے دو لاکھ روپے نقد رقم فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجتماعی شادیوں کی تقریبات نومبر 2025 تا 15 فروری 2026 کے دوران منعقد ہوں گی، اور رمضان المبارک سے قبل تمام 5000 شادیاں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس مقصد کے لیے 1.7 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس پر اجلاس میں اظہار تشکر کیا گیا۔

(جاری ہے)

خصوصی طور پر اس سال ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے مستحق جوڑوں کو بھی اجتماعی شادیوں میں شامل کیا جائے گا، جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈی جی طارق قریشی، تمام ڈویzنل کمشنرز (ویڈیو لنک کے ذریعی) اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ سہیل شوکت بٹ نے پروگرام کے پہلے سال میں کامیابی سے 3000 شادیاں مکمل کرنے پر سیکرٹری، ڈی جی، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور آر پی اوز کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ ‘‘دھی رانی پروگرام اب پنجاب کی بیٹیوں کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس منصوبے کی سرپرستی ایک ماں کی طرح کی ہے، اور انہی کی ہدایت پر اس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ اکتوبر تک تمام مستحق جوڑوں کی فزیکل ویریفکیشن مکمل کر لی جائے گی۔