المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کااہتمام کیاگیا

منگل 10 جون 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ملک بھرمیںعیدالاضحیٰ کے موقع پراجتماعی قربانیوںکے خصوصی انتظامات کئے گئے ،اجتماعی قربانی کا سلسلہ عید کی صبح سے شروع ہوکر تیسرے روزتک جاری رہا۔مرکزی کیمپ المصطفیٰ ہیڈآفس گلشن اقبال میں لگایا گیا جس کی نگرانی جنرل سیکریٹری المصطفیٰ احمدرضا طیب کررہے تھے۔

المصطفیٰ کے ذمہ داران اوررضاکاروں نے عیدکے تینوںدن کھالیں جمع کی اورقربانی کاگوشت یتیموں،بیواؤں،غربا،مستحقین، ضرورت مندوں،سفید پوش گھرانوں تک پہنچایا۔المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،صدرالمصطفیٰ ڈاکٹرعبدالرحیم نے کہاکہ المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوںکوکامیابی سے جاری رکھنے میں زکوة،صدقات،عطیات کیساتھ ساتھ قربانی کی کھالوں کابھی بڑاحصہ ہوتاہے ،کھالوں کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے جس کیلئے دیگرذرائع سے کوشش کرنی پڑتی ہیں پھربھی اس سال گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ کھالیں جمع ہوئیں جس کیلئے ہم عوام کے شکرگزارہیں جنہوںنے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پراعتمادکیا،ہم اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے مخیرحضرات کے تعاون اور تینوں دن خدمات انجام دینے پر المصطفیٰ کے ذمہ داران اوررضاکاروں کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوںنے اپنی عیدقربان کرکے خدمت خلق میں حصہ ملایا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب، ڈاکٹرعبدالرحیم اوراحمدرضا طیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوں میں اپنے تعاون کاسلسلہ جاری رکھیں تاکہ انسانی خدمت کا یہ مشن جاری وساری رہے ۔