ٌصوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم

تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز خود فیلڈمیں رہ کر کریک ڈائون کی مانیٹرنگ کریں گے ،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک

منگل 10 جون 2025 20:55

& لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن محفوظ پنجاب کیلئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں جوائنٹ آپریشن کے نام سے ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے کی ۔ ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر سید غضنفر علی شاہ ،پروویژنل ٹرانسپورٹ سیکرٹری نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے خصوصی شرکت کی جبکہ تمام سی ٹی اوز ، ڈی ٹی اوز، سیکرٹری آر ٹی اے ، پی ایچ پی اور موٹروے کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس میں صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیدیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ صوبہ بھر میں انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کاروائی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں،اوورلوڈنگ قانوناً جرم ہے ،اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورلوڈنگ کرنے والوں خلاف قانونی کاروائی اور بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔ صوبہ بھر میں اوور چارجنگ اور اوورلوڈنگ ہرگز برداشت نہیں ہوگی،انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز خود فیلڈمیں رہ کر کریک ڈائون کی مانیٹرنگ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوور چارجنگ اور اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کریں اور ٹرانسپورٹر کے خلاف ایف ائی ار کا اندراج کریں ۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کہا کہ محرم الحرام کی امد قریب ہے زائرین کو مجالس اور جلوس شرکت کیلئے محفوظ سفر فراہم کریں،تمام محکموں کو حدود کا تعین کیے بغیر محفوظ پنجاب کے لیے کام کرنا ہوگا،کوئی بھی حادثہ پیش آنے کی صورت میں ٹریفک سمیت دوسرے محکموں کی اکانٹبلٹی لازمی ہوگی،ایجوکیشن یونٹ بس اڈوں اور ٹرمینلز پر شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر دیں،شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اپنوں اور دوسروں کا سفر محفوظ بنائیں۔