ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت آر ٹی اے اور اے آر سی کا مشترکہ اجلاس

منگل 10 جون 2025 21:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی (اے آر سی) کا مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز (ویڈیو لنک کے ذریعے)، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے سختی سے ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ کی حدود میں عوامی گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کی نقل و حمل پر فوری پابندی عائد کی جائے اور اس حکم کی خلاف ورزی پر کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے، ڈی ایس پی ٹریفک اور ڈی ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کو خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ پبلک سروس وہیکلز کی نگرانی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں فوری طور پر قبضے میں لی جائیں گی، جبکہ ڈرائیوروں کے روٹ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈی ایس پیز کے ساتھ اپنے علاقوں میں ان احکامات پر عمل درآمد کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں۔ سیکرٹری آر ٹی اے اور موٹر وہیکل ایگزیمنر کو بھی مرکزی شاہراہوں پر موجود رہ کر چھتوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارروائیوں کی رپورٹ شیئر کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "عوام کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔