وزیر اعلیٰ بلوچستان کا میر ظہور بلیدی کے کزن محمد امین اور ان کے بیٹے نوید امین پر شہادت پر رنج و غم کا اظہار

منگل 10 جون 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی کے کزن محمد امین اور ان کے بیٹے نوید امین پر حملے اور ان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میر ظہور بلیدی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اور پوری حکومتِ بلوچستان متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد امین اور نوید امین کی شہادت ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کا دکھ پوری قوم محسوس کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی فوری ہدایت جاری کی ہے اور اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن دشمن عناصر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔