عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

منگل 10 جون 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ٹیچنگ ہسپتال گوادر میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف مسائل کے حوالے سےاجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ہسپتال کو درپیش مسائل، خصوصاً ادویات کی کمی، آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبہ جات میں جدید طبی آلات کی عدم دستیابی جیسے اہم نکات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائلیسز اور تھیلیسیمیا سینٹرز میں مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، ہسپتال میں اسٹاف کی کمی کو دور کرنے اور مجموعی طور پر سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور جلد از جلد ان کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔