خیبرپختونخوا بجٹ کا حجم 2000 ارب روپے سے زیادہ ہوگا، صوبائی محکمہ خزانہ

بدھ 11 جون 2025 10:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) خیبرپختونخوا حکومت کے بجٹ کے خدوخال سامنے آنا شروع ہو گئے، بجٹ کا حجم 2000 ارب روپے سے زیادہ ہوگا۔محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا حکام کے مطابق مالی سال 26-2025 کا بجٹ 200 ارب روپے سرپلس ہوگا، صوبے کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد اضافہ، 500 کے قریب نئے ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق گزشتہ کئی سال کے برعکس اگلے مالی سال کے دوران 20 سے 22 فیصد تک نئی سکیمیں شامل ہوں گی، صوبائی بجٹ میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا دورانیہ 3 سال سے کم ہوگا۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے مطابق مالی سال کے فنانس بل میں ٹوبیکو سیس میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے اراضی کے انتقالات کی فیس 2 فیصد سے کم کرکے 1 فیصد پر لانے کی تجویز ہے ۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کا صوبائی بجٹ 13 جون کو کابینہ سے منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا۔