Live Updates

کرنٹ سے جاں بحق 2 بھائیوں کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک کے سی ای اواور افسران پر درج

میرے بچوں کی ہلاکت کے الیکٹرک کے انڈر گراونڈ کیبل ایچ ٹی کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے ہوئی،مدعی مقدمہ

جمعرات 21 اگست 2025 21:16

کرنٹ سے جاں بحق 2 بھائیوں کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک کے سی ای اواور افسران ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک کے سی ای او سمیت متعدد افسران پر درج کر لیا گیا۔شاہ فیصل کالونی پولیس نے کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائیوں کی ہلاکت کا مقدمہ والد کی مدعیت میں سی ای او کے الیکٹرک اور آئی بی سی شاہ فیصل سمیت دیگر افسران کے خلاف درج کرا دیا۔

مدعی سلطان کی مدعیت میں درج کیے جانے والے مقدمہ نمبر 416 سال 2025 بجرم دفعہ 322 اور 268 چونتس کے تحت درج کرلیا جس میں مدعی مقدمہ نے بیان دیا ہے کہ 19 اگست کو شدید بارش ہو رہی تھی دن ڈھائی بجے کے قریب میرا چھوٹا بیٹا سراج گھر سے دکان پر سودا خریدنے نکلا تھا کہ اندرونی گلی پہنچا تو اس کو انڈر گراونڈ کے الیکٹرک کیبل سے کرنٹ نے پکڑلی۔

(جاری ہے)

اہل محلہ نے مجھے گھر پر اطلاع دی اس دوران میرا بڑا بیٹا مراد خان گلی میں کھڑا تھا اس نے اپنے بھائی کو بچانے کے لیے اس کی جانب بھاگا تو اسے بھی بچاتے ہوئے کرنٹ نے پکڑلیا اور دونوں پانی میں گر گئے۔

موقع پر موجود اہل محلہ نے ان کو بمشکل پانی سے باہر نکلا تو میرا چھوٹا بیٹا سراج خان موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا بعدازاں میں نے اہل محلہ کے ہمراہ دونوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال روانہ ہوا شدید طوفانی بارش کی وجہ سے شارع فیصل بلاک تھا اور بارش کی وجہ سے راستے بند تھے۔مدعی مقدمہ کے مطابق میرے بیٹوں کی ہلاکت انڈر گراونڈ کیبل ایچ ٹی کی وجہ سے ہوئی ہے اب میں تدفین کے بعد رپورٹ درج کرانے آیا ہوں کہ میرا دعوی ہے کے الیکٹرک کے سی ای او ، کے الیکٹرک آئی بی سی شاہ فیصل کالونی کے افسران پر غفلت لاپروائی اور مجرماہ زیر سرپرستی آپریشن شاہ فیصل کالونی کی وجہ سے میرے بیٹوں کو کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے کا ہے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات