Live Updates

بجٹ میں ٹیکس بیس بڑھانے،ایس ایم ایز کیلئے کوئی واضح پالیسی ،ریلیف نہیں دیاگیا ‘ ریو نیوایڈوائزرز

سیلز ٹیکس ریٹرن کو پیچیدہ بنا دیاگیا ،نہ آئرس سسٹم چل رہا ہے نہ ہی سسٹم لوگن ہو رہا ہے‘ چیئرمین عامر قدیر

بدھ 11 جون 2025 11:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس بیس بڑھانے،ایز آف ڈوئنگ بزنس،انڈسٹری،سرمایہ کاری ،کاٹیج انڈسٹری اورایس ایم ایز کے لیے کوئی واضح پالیسی اورنہ ہی کوئی ریلیف دیا گیا ہے ،بجٹ سے پہلے سیلز ٹیکس ریٹرن کو اتنا زیادہ پیچیدہ بنا دیاگیا ہے کہ نہ آئرس سسٹم چل رہا ہے نہ ہی سسٹم لوگن ہو رہا ہے،حکومت نے سادہ فارم کے اجراء کی نوید تو سنائی ہے تاہم یہ عملی طور پر جب سامنے آئے گا تو اصل حقائق سامنے آئیںگے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے سمجھ سے بالاتر بارکوڈ متعارف کروایا ہے،پندرہ سیکنڈ کے لیے سسٹم لوگن ہوگا ،بار کوڈ رجسٹرڈ پرسن کو جائے گا لیکن اس سے پہلے رجسٹرڈ پرسن ایف بی آر کے سسٹم پر آکر سکین کرائے گا اس کے بعد اپنا کوڈ حاصل کر سکے گا جو کہ بہت مشکل ایکسر سائز ہے ،2فیصد لوگ اپنی ریٹرن فائل کر سکتے ہیں جبکہ باقی 98فیصد لوگ اپنی ریٹرن ٹیکس پریکٹیشنرز سے فائل کرواتے ہیں،60دن بعد پاسورڈ بدلنے کی شرط کس طرح پورا ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ایک بار پھر سنگل صفحہ ریٹرن کا کریڈٹ لیا جارہا ہے لیکن پہلے سیلز ٹیکس ریٹرن کے مسائل تو حل کیے جائیں ،ایف بی آر کا سسٹم آئرس لوگن ہو ہی نہیں رہا تو ریٹرن کس طرح فائل ہوں گی۔حکومت اور ایف بی آر کو سسٹم اور قوانین میں تبدیلی لانے سے پہلے ٹیکس کنسلٹنٹس سے مشاورت کرنی چاہیے تاکہ ٹیکس دہندگان اور پریکٹیشنرز پریشان ہوں اور نہ ہی ان کااعتماد متزلزل ہو۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :