بالاکوٹ ، ڈمگلہ میں کامیاب پولیس مقابلہ، مغوی بچہ بازیاب ،اغواء کار ہلاک

بدھ 11 جون 2025 12:01

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) بالاکوٹ پولیس نے ڈمگلہ میں کامیاب پولیس مقابلہ کے بعد مغوی کمسن بچہ کو بازیاب کرا کر دونوں اغواءکاروں کو ہلاک کر دیا گیا، اغواءکاروں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ تھانہ بالاکوٹ میں مسماة (آ) زوجہ محمد وقاص سکنہ کوہستان کالونی نے 5 جون کو رپورٹ درج کروائی تھی کہ اس کا اڑھائی سالہ بیٹا محمد سعد جسے اس کی پھوپھی (م) دم کے بہانے لے گئی تھی، ابھی تک لاپتہ ہے۔

بعد ازاں بچہ کے والد (مقیم دبئی) کو نامعلوم افراد کی جانب سے تاوان کی کالز موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتاری اور بچہ کے بازیابی کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ تحقیقات کے دوران ملزمان کی تلاش میں چھاپے، موبائل لوکیشن ٹریسنگ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت حاصل کی گئی۔ تاوان کی ادائیگی کیلئے ملزمان نے متاثرہ خاندان کو ڈمگلہ بلایا۔ پولیس نے گھیراﺅ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں دونوں اغواءکار ارمٰان جان اور فہیم خان سکنہ بڈھ بیر پشاور (افغان باشندے) ہلاک ہو گئے۔ مغوی بچہ محمد سعد کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ ملزمان سے دو 30 بور پستول اور 30 عدد کارتوس برآمد کر لئے گئے۔ پولیس کے جانب سے واقعہ میں مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔