سرگودہا ، عید الاضحیٰ صفائی آپریشن میں 10 ہزار سینٹری ورکرز نے حصہ لیا

بدھ 11 جون 2025 12:01

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران نے کہا ہے کہ عید قربان پر سرگودہا ڈویژن میں صفائی کے مثالی انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں صفائی آپریشن لگاتار 72 گھنٹے جاری رہا اس دوران ڈویژن بھر سے 30 ہزار 270میٹرک ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودہا سے 12 ہزار 269 خوشاب سے 3 ہزار 140 میانوالی سے 2 ہزار598 اور ضلع بھکر سے ایک ہزار 887 ٹن آلائشیں اور جانوروں کی باقیات ٹھکانے لگائی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ عید قربان کے تینوں دن ڈویژن بھر سے موصولہ 1600سے زائد شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے بتایا کہ رواں سال عید قربان پر آلائشوں کو ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے سرگودہا ڈویژن میں 8 لاکھ سے زائد بیگز بھی تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عید الاضحیٰ خصوصی صفائی آپریشن میں 10 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز نے تینوں شفٹوں میں کام کر کے ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنایا۔انہوں نے کہا کہ عید قربان پر ڈویژن کو آلائشوں اور تعفن سے پاک بنانے میں شہریوں کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ٹیموں سے تعاون یقینی بنانے پر شہریوں کے مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :