Live Updates

پاکستانی نژاد میئر لندن صادق خان کو نائٹ ہُڈ اعزاز سے نواز دیا گیا

سر صادق خان 2016ء سے لندن کے میئر ہیں وہ تاریخ میں پہلے شخص ہیں جو مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 11:50

پاکستانی نژاد میئر لندن صادق خان کو نائٹ ہُڈ اعزاز سے نواز دیا گیا
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) پاکستانی نژاد میئر لندن صادق خان کو نائٹ ہُڈ اعزاز سے نواز دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے برٹش پاکستانی میئر سر صادق خان کو نائٹ ہُڈ اعزاز سے نوازا گیا ہے، برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے صادق خان کو نائٹ ہُڈ اعزاز سے نوازا، سر صادق خان 2016ء سے لندن کے میئر ہیں وہ تاریخ میں پہلے شخص ہیں جو مسلسل تیسری بارلندن کے میئر منتخب ہوئے، وہ لندن کے پہلے مسلم میئر ہیں، انہیں اس عہدے کی مدت کے دوران دائیں بازو کی شدید مخالفت کا بھی سامنا رہا۔

صادق خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بادشاہ چارلس بکھنگم پیلس میں نائٹ ہُڈ اعزاز دیتے ہوئے خوش دکھائی دیئے، نائٹ ہُڈ کا اعزاز میرے لیے بے حد فخر کا لمحہ ہے، لندن کا وعدہ ہے کہ اگر یہاں جاں فشانی سے کام کرو گے تو تمہیں مدد ضرور ملے گی اور جو چاہو گے وہ حاصل کرلو گے، ورنہ میں تو ٹوٹنگ کے کونسل گھر میں جوان ہوا اور یہ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اس قدر بڑے اعزاز سے ایک روز نوازا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ صادق خان 8 اکتوبر 1970ء کو لندن میں پیدا ہوئے، صادق خان کی پیدائش سے کچھ ہی عرصہ پہلے ان کے والد پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے جہاں ان کے والد ایک بس ڈرائیور تھے، صادق خان نے یونیورسٹی آف نارتھ لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کی، وہ 1994ء میں سالیسٹر بنے اور انسانی حقوق سے متعلق امور میں خاص مہارت رکھتے ہیں، حکومت اور پولیس کے خلاف ان کے مقدمات سے انہیں شہرت ملی۔

معلوم ہوا ہے کہ صادق خان نے سیاست کا آغاز 1990ء کی دہائی میں ٹوٹنگ سے لیبر کونسلر کی حیثیت سے کیا، 2005ء کے عام انتخابات میں وہ دارالعوام کی نشست جیتنے میں بھی کامیاب رہے، 2008ء میں صادق خان کمیونیٹیز سے متعلق امور کے انڈر سیکرٹری تعینات ہوئے جس کے بعد انہیں وزیر مملکت برائے امور ٹرانسپورٹ کا عہدہ ملا، 2016ء میں انہوں نے میئر کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا اور اس میں کامیابی حاصل کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات