Live Updates

وفاقی بجٹ غریب عوام کیلئے ڈراؤنا خواب ہے‘ بیرسٹرڈاکٹرسیف

مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ کے مترادف ہے‘بیان

بدھ 11 جون 2025 15:28

وفاقی بجٹ غریب عوام کیلئے ڈراؤنا خواب ہے‘ بیرسٹرڈاکٹرسیف
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ 26-2025 کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غریب عوام کے لیے ’’ڈراؤنا خواب‘‘ قرار دے دیا۔خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ’’اونٹ کے منہ میں زیرہ‘‘ کے مترادف ہے جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے، بجٹ میں پٹرول اور بجلی پر ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جو پہلے سے پریشان عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کو مہنگا کر دیتا ہے جبکہ توانائی کے متبادل ذرائع جیسے سولر پینلز پر بھی ٹیکس عائد کر کے حکومت نے غریب عوام سے ان کا آخری سہارا بھی چھین لیا ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینلز پر ٹیکس کے بعد عوام کے لیے جینے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا، جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کے طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔انہوں نے وفاقی بجٹ کو ''شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فیئر اپارٹمنٹس میں پیش کیا جاتا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات