معروف گلوکارہ آئمہ بیگ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

آئمہ اور زین کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا جنہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنے تعلق کا باضابطہ طور پر اظہار بھی کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اگست 2025 13:41

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست 2025ء ) ملک کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ سادہ تقریب میں نکاح کرتے ہوئے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق گلوکارہ آئمہ بیگ اپنے قریبی دوست زین احمد کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئمہ بیگ اور زین احمد نے کینیڈا میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں نکاح کیا، اس تقریب کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس سے ان کے نکاح کی خبریں زور پکڑ چکی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑا اب باقاعدہ طور پر شادی شدہ ہے اور ایک نئے سفر کا آغاز کرچکا ہے، آئمہ اور زین کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا اور انہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنے تعلق کا باضابطہ طور پر اظہار بھی کیا تھا۔

aima baig
اس سے قبل گلوکارہ آئمہ بیگ نے معروف ماڈل، ہدایتکار و اداکار شہباز شگری سے منگنی کی تھی، دونوں فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی شوٹنگ کے دوران سے ہی ڈیٹنگ کررہے تھے، انہوں نے شہباز شگری کے ساتھ 21 مارچ 2021ء کو منگنی کی اور دونوں ایک ساتھ تصاویر بھی شیئر کرتے رہتے تھے، تاہم ستمبر 2022ء میں آئمہ نے شہباز شگری کے ساتھ منگنی توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے یہ رشتہ ختم کردیا تھا جس کے بعد سے آئمہ کو زین احمد کے ساتھ متعدد مرتبہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

آئمہ بیگ پاکستان کی ایک معروف گلوکارہ اور سکرپٹ رائٹر ہیں جو 10 مارچ 1995ء میں پیدا ہوئیں، وہ 2015ء سے 2017ء تک دنیا نیوز کے پروگرام "مذاق رات" کی شریک میزبان تھیں، ان کو شہرت 2016ء میں فلم "لاہور سے آگے" میں گائے جانے والے گانوں سے ملی، اس کے بعد ان کی مزید شہرت مشہور گانے کوک سٹوڈیو کے "بازی" سے ہوئی جو انہوں نے ساحر علی بگا کے ساتھ مل کر گایا تھا، اگست 2019ء میں انھیں تمغہ امتیاز ملا۔