وفاقی وزیرکی زیر صدارت اجلاس ،کسانوں کیلئے معیاری بیج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح قرار

کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے،رانا تنویر حسین کی ہدایت

بدھ 11 جون 2025 19:11

وفاقی وزیرکی زیر صدارت اجلاس ،کسانوں کیلئے معیاری بیج کی فراہمی حکومت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے بیجوں کے شعبے میں شفافیت، معیار اور ادارہ جاتی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے،کسانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی یا دھوکہ دہی ناقابلِ قبول ہے۔نیشنل سیڈ ڈیویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (NSDRA) کے بورڈ آف گورنرز کا تیسرا اجلاس وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق (MNFSR) میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی صدارت میں منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر نے اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے بیجوں کے شعبے میں شفافیت، معیار اور ادارہ جاتی اصلاحات پر زور دیا اور ہدایت کی کہ کسانوں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے جعلی بیج کمپنیوں کی بحالی کی تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی یا دھوکہ دہی ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیج کے نظام کو شفاف، مضبوط اور کسان دوست بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی مصلحت یا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں این ایس ڈی آر اے کے چار نئے اراکین کی منظوری دی گئی تاکہ ادارے کی گورننس مزید موثر بن سکے۔ اسی طرح، نئے ملازمین کیلئے سروس اسٹرکچر کو حتمی شکل دی گئی، جو ادارے کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کپاس اور تیل دار اجناس کے لیے اعلیٰ معیار کے بیجوں کی تیاری اور فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی زرعی پیداوار کا انحصار بیج کے معیار پر ہے، اس لیے تحقیق، ترقی اور نجی شعبے کے تعاون سے بیجوں کی بہتری کو ترجیح دی جائے۔اجلاس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز، بشمول اتھارٹی کے چیئرمین، ڈی جی اسٹریٹیجک پراجیکٹس، اور معروف سیڈ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے بیج کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں سراہا گیا۔ وزیرِ موصوف نے اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قومی سطح پر کسانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون سے مؤثر پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایس ڈی آر اے کو ایک جدید، فعال اور شفاف ریگولیٹری ادارہ بنایا جائے گا، جو پاکستان کو زرعی خود کفالت کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور معیاری بیج کی فراہمی کو قومی ترقی کا اہم ستون سمجھتی ہے۔