ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس

بدھ 11 جون 2025 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی تیاریوں اور تعاون کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔بدھ کو منعقدہ اجلاس میں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد جعفر چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر نواز اور مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین نے شرکت کی۔

منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور انتظامی امور کی بہتری سمیت بروقت سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے موقع پر تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں پر صفائی، روشنی، پانی اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں ان انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیہ نے کہا کہ منتظمین کو مکمل انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ عاشورہ کے جلوس اور مجالس پرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے منتظمین سے کہا کہ وہ محرم الحرام سے قبل اپنی ضروریات کی فہرستیں ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں تاکہ تمام انتظامات بروقت اور موثر انداز میں مکمل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :