Live Updates

پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی 14 اور 15 جون کو کراچی میں جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقادکریگی

بدھ 11 جون 2025 20:23

اسلام ٓاباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء) پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی 14 اور 15 جون کو کراچی میں جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔یہ نمائش مقامی نمائش کنندگان کو قیمتی، نیم قیمتی پتھروں، معدنی نمونوں اور اعلیٰ درجے کے زیورات (سونے، سفید سونے، چاندی) اور جواہرات سے مزین زیورات کی نمائش کے لیے ایک منافع بخش پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

یہ ایونٹ خریداروں اور فروخت کنندگان کے لیے بہترین مواقع کا دروازہ کھولے گا اور جواہرات و زیورات کے تاجروں، برآمد کنندگان و درآمد کنندگان کے لیے معاون ماحول فراہم کرے گا۔نمائش کے دوران ملک کے معروف جیمز اینڈ جیولری کمپنیاں اپنے قیمتی جواہرات اور دیدہ زیب زیورات کی نمائش کریں گی۔

(جاری ہے)

اس نمائش کی افتتاحی تقریب 14 جون کو دوپہر کراچی میں منعقد ہوگی، جس کا افتتاح وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان کریں گے۔

اس تقریب میں سفارتکار، سرکاری عہدیداران اور ممتاز تاجر حضرات شرکت کریں گے۔یہ نمائش پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے جواہرات و زیورات کے شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، جو نہ صرف شعبے سے وابستہ افراد کو باہمی روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کرے گی بلکہ طویل اور قلیل مدتی کاروباری معاہدات کے امکانات بھی پیدا کرے گی۔ یہ نمائش پاکستان کے جواہرات و زیورات کے شعبے کی اصل صلاحیت کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔۔۔۔ اعجاز خان
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات