Live Updates

گراس اسکول میں فائرنگ: آسٹریا میں تین روزہ سوگ

DW ڈی ڈبلیو بدھ 11 جون 2025 18:40

گراس اسکول میں فائرنگ: آسٹریا میں تین روزہ سوگ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 11 جون 2025ء) آسٹریا کی پولیس کو مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے 21 سالہ مسلح شخص کے گھر سے ایک غیر فعال گھریلو ساختہ بم اور ایک الوداعی خط ملا ہے۔ پولیس کے مطابق شاٹ گن اور پستول سے لیس مشتبہ شخص نے منگل 10 جون کو گراس شہر کے ڈرایئر شؤٹزن گاسے ہائی اسکول میں فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا اور اس کے بعد اس نے خودکشی کر لی۔

اس حملے میں ایک درجن کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص اسی اسکول کا سابق طالب علم تھا اور یہ کہ اس نے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی تھی۔

لوگ سوگ میں، تفتیش کار محرکات کی تلاش میں

گراس کے اسکول میں فائرنگ کے اس واقعے کو دوسری عالمی جنگ کے بعد آسٹریا میں ہونے والے مہلک ترین حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے حوالے سے آج بدھ کی صبح 10 بجے مقامی وقت کے مطابق ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

آسٹریا کی وزارت داخلہ کے پبلک سکیورٹی ڈائریکٹر فرانز رُف کے مطابق حملہ آور کے خط میں اس کی طرف سے اپنے والدین کو الوداع کہا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ''اس الوداعی خط سے اس واقعے کے محرک کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا‘‘ اور یہ کہ تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا متاثرین کو چن کر نشانہ بنایا گیا تھا یا کھلی فائرنگ کی گئی۔

آسٹریا میں تین روزہ قومی سوگ منایا جا رہا ہے، جبکہ گراس میں مقامی افراد نے شہر کے مرکزی چوک پر موم بتیاں روشن کیں اور پھول چڑھائے۔ بہت سے لوگ زندہ بچ جانے والوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کے لیے قطار میں لگے رہے۔

آسٹریا میں اسلحے کے قوانین کیا ہیں؟

دریں اثنا حملہ آور کی جانب سے قانونی آتشیں اسلحے کے استعمال نے آسٹریا کے اسلحے کے قوانین پر ایک بار پھر بحث کو جنم دیا ہے۔

’سمال آرمز سروے ریسرچ پراجیکٹ‘ کے مطابق آسٹریا میں ہر 100 افراد میں سے تقریباﹰ 30 کے پاس سویلین آتشیں اسلحہ موجود ہیں۔

اس یورپی ملک نے آٹومیٹک ہتھیاروں اور پمپ ایکشن گنز پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ ریوالور، پستول اور نیم خودکار ہتھیاروں کو اجازت نامے کے ساتھ رکھنے کی اجازت ہے۔

رائفلوں اور شاٹ گنوں کے لائسنس، شکار کے لیے یا شوٹنگ کلبوں کے ارکان کو دینے کی اجازت ہے۔

ادارت: امتیاز احمد

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات