حیدرآباد، با اثر افراد کی جانب سے کیبن پر قبضہ کیے جانے کے خلاف حیدرآباد ریس کلب کے سامنے احتجاج

بدھ 11 جون 2025 22:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء) کوٹری کے گوٹھ مانجھی خان برفت کی رہائشی مسماة شہناز زوجہ رانو برفت میں با اثر افراد کی جانب سے کیبن پر قبضہ کیے جانے کے خلاف حیدرآباد ریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور اس موقع پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا شوہر شدید بیمار ہے اور میں نے اپنے بیٹے کے روزگار کے لیے 40ہزار روپے میں ایک کیبن خرید کیا تھا جسے بعد میں 2500روپے ماہانہ پردو بھائیوں دلاور شورو اور بلاول شورو کو کرایہ پر دے دیا لیکن مذکورہ افراد نے صرف ایک ماہ کا کرایہ ادا کیا اور اب کیبن پر قبضہ کر لیا ہے اور جب میں کیبن کی واپسی کا مطالبہ کرتی ہوں تو مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ متعلقہ تھانہ کی پولیس بھی میری فریاد سننے کے لیے تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلی حکام سے اپیل کی کہ با اثر افراد کے خلاف قانونی کاروائی کر کے میرے کیبن سے قبضہ مجھے واپس دلاکر میرے بیٹے کا روزگار بچایا جائے۔