ملتان، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اوور لوڈنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کردیا

بدھ 11 جون 2025 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اوور لوڈنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے ، اس سلسلے میں اوور لوڈنگ کی مرتکب کمرشل بسوں اور ویگنوں کو تھانے بند کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل بھی دے دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ناکہ بندیوں کا ٹاسک دے دیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی ٹی او سردار موارہن خان،ایس ایس پی آپریشنز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر بھی شریک ہوئے ۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الاضحیٰ کے بعد اوور لوڈنگ کی شکایات پر سخت نوٹس لیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اپنے گھروں کو جانے والے مسافروں کی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام سٹینڈز پر ٹیمیں خصوصی چیکنگ کرینگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ اوور چارجنگ پر بھی سخت ایکشن لیں گی۔ سی ٹی او نے کہا کہ مسافر بسوں کی چھتوں پر بیٹھنے سے گریز کریں کیونکہ حادثات کی بڑی وجہ اوور لوڈنگ اور خطرناک ڈرائیونگ ہے۔