ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد کی زیر صدارت پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 11 جون 2025 19:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران حاصل کیے گئے اہداف اور پولیو ٹیموں کے کام کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بدھ کو ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران حاصل کیے گئے اہداف، ٹیموں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی دی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ منعقد ہونے والی انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور کامیاب بنانے کے لیے ٹیموں کی تربیت اور مائیکرو پلان پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے فیلڈ میں کام کرنے والی پولیو ٹیموں کو گرمی سے بچانے اور پولیو ویکسین کے کولڈ چین کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے محفوظ ہیں اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسد اللہ ڈاہری اور فوکل پرسن پولیو ڈاکٹر اللہ بخش راجپر نے ڈپٹی کمشنر کو گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران حاصل کیے گئے اہداف اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم ایس پی ایم سی ڈاکٹر یار علی جمالی، ڈاکٹر ریاض شاہ، مبین منگریو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔